یوپی میں لا قانونیت اور بربریت کا مظاہرہ
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے وزیر اعلیٰ سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا
.
.
نئی دہلی،16 اپریل 2023:
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا نے اتر پردیش میں لا قانونیت اور بد امنی کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے استعفیٰ اور ریاست میں صدر راج کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے عتیق احمد اور ان کے بھائی محمد اشرف اور بیٹے اسعد کے دردناک قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا کہ یہ اقتدار کی سرپرستی میں ہو ئی دہشت گردی کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے اتر پردیش میں بڑھتی لاقانونیت، انارکی اور دن کی روشنی میں یو پی میں بڑھتی لا قانونیت اور قتل و غارت گیری کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ اتر پردیش میں جرائم کی رفتار میں اضافہ کا سبب ہے کہ مجرمین کو اقتدار کی سرپرستی اور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا اگر عتیق احمد جرائم میں ماخوذ تھا تو اس کو سزا دینے کے لئے ملک کا قانون اور عدالتی نظام موجود ہے۔ ہم ایک مہذب سماج میں رہتے ہیں نہ کہ جنگل راج میں۔ ہمیں ملک کے آئین اور قانون کی حکمرانی کا ہر حال میں احترام کر نا چاہیے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ اس طرح کے وحشیانہ قتل اور انکاؤنٹرس کے ذریعہ سے موجودہ بر سر اقتدار طبقہ ملک میں مذہبی فرقہ واریت اور بغض و عناد پر مبنی فضا کو پروان چڑھا رہا ہے۔ حزب ِاختلاف کے لیڈروں کے خلاف کاروائیاں، پسندیدہ سیاست دانوں کے جرائم کی پردہ پوشی، دہشت گردانہ کاروائیوں کی پشت پناہی، بڑھتی ہو ئی لا قانونیت اور مجرمین کی سرپرستی، اِن سب نے مل کر عالمی سطح پر ملک کی شبیہ کو بری طرح داغدار کیا ہے۔
انہوں نے یوپی کے وزیر اعلیٰ سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور صدر جمہوریہ سے گزارش کی کہ یوپی میں فوری طور پر صدر راج نافذ کیا جائے۔انہوں نے سپریم کورٹ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کا سوموٹو نوٹس لے کر اپنی نگرانی میں ایک اعلیٰ سطحی جانچ کر وائے تاکہ قانون کی حکمرانی پر لوگوں کا اعتماد بحال ہو سکے۔
.
جاری کر دہ