مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کیخلاف احتجاج
.
.
دوٹانکی (نمائندہ انقلاب ) : مسجد اقصیٰ میں اسرائیل فوج کی وحشیانہ کارروائی نا قابل برداشت ہے اور اس کے خلاف سنی بلال مسجد کے باہر جمعہ کی نماز کے بعد احتجاج کیا گیا۔ مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے کہا کہ ” ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر غاصبانہ قبضے کا سلسلہ دن بہ دن دراز ہوتا جا رہا ہے۔ ہم اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مسلم ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں اپنی توجہ مرکوز کریں۔
محمد سعید نوری نے کہا کہ ”نمازیوں پر گرینیڈ حملے اور آنسوگیس کا استعمال روز کا معمول بن چکا ہے جس سے فلسطین سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں میں غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ بدھ کو طلوع آفتاب سے قبل عبادت میں مصروف لوگوں کو، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے یہ کھلی ہوئی دہشت گردی ہے۔ اس وحشیانہ طریقے سے نمازیوں پر ہوئے حملے اور تقریباً ۳۵۰ / مرد و خواتین کی گرفتاری کی رضا اکیڈمی نے بھی سخت مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے اسرائیل پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔