ڈنگر پور معاملے میں سزا کے خلاف اعظم خان نے ہائی کورٹ میں اپیل کی، عدالت نے حکومت سے جواب طلب کیا
.
.
پریاگ راج: الہ آباد ہائی کورٹ نے ڈنگر پور واقعہ میں سزا کے خلاف سابق کابینہ وزیر اور سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کی درخواست پر ریاستی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ ہائی کورٹ نے اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی فائلیں بھی طلب کر لیں۔ یہ حکم جسٹس راجیو مشرا نے دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اس لیے سی آر پی سی کی دفعہ 389 کے تحت حکومت سے جواب طلب کیا جائے۔
واضح رہے کہ ڈنگر پور واقعہ میں 30 مئی کو رام پور ایم پی ایم ایل اے کورٹ نے اعظم خان کو 10 سال اور برکت علی ٹھیکیدار کو 7 سال کی سزا سنائی ہے۔ اس معاملے میں ابرار نامی شخص نے حملہ کے الزام میں اعظم خان، ریٹائرڈ سی او علی حسن خان، ٹھیکیدار برکت علی اور تین دیگر کے خلاف رام پور کے گنج تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ ان پر گھر میں توڑ پھوڑ اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا بھی الزام ہے۔ جہاں خصوصی عدالت نے اعظم خان کو مزید 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔