گجرات میں بھی یکساں سول کوڈ(ucc) ؟ وزیر اعلیٰ کا بڑا اعلان متوقع!
وزیر اعلی آج کر سکتے ہیں بڑا اعلان
نئی دہلی : اتراکھنڈ کے بعد اب گجرات میں بھی یکساں سول کوڈ (ucc) لاگو کیا جا سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گجرات حکومت آج اس حوالے سے اعلان کر سکتی ہے ۔ چند ایام قبل یہ خبر آئی تھی کہ اتراکھنڈ کے بعد کئی دوسری ریاستیں بھی یوسی سی کو نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں ، جن میں گجرات کا نام بھی تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ گجرات حکومت آج یکساں سول کوڈ کے تعلق سے بڑا اعلان کر سکتی ہے ۔ دوپہر 12:15 بجے ، گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل اور وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی ایک پریس کا نفرنس کریں گے جس میں یوسی سی کمیٹی کے بارے میں اعلان کیا جا سکتا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اس کمیٹی میں 3 سے 5 ارکان ہو سکتے ہیں ۔
کمیٹی کا آج ہو سکتا ہے اعلان
2022 کے گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل ، بی جے پی نے ریاست میں یکساں سول)(ucc) کوڈ نافذ کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ 2023 میں لا کمیشن نے اس موضوع پر دوبارہ بحث شروع کی ۔ اس نے عمل درآمد کے حوالے سے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے تازہ معلومات طلب کیں ۔ ایک سینئر سرکاری اہلکار کے مطابق ، گجرات حکومت نے پہلے ہی ریاست میں یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کےاپنے ارادے کا اعلان کر دیا تھا ۔
اتراکھنڈ میں لاگو کیا گیا یو سی سی(ucc)
واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ (ucc) نافذ کر دیا گیا ہے ۔ اب وہاں بہت سے پرانے قوانین بدل چکے ہیں ، جیسے کہ اب اتراکھنڈ میں شادی کے ساتھ ساتھ ، لیوان ریلیشن شپ میں رہنے والے جوڑوں کے لیے خود کو رجسٹر کرانا لازمی ہے ۔
اس کے علاوہ اب اتراکھنڈ میں بیٹے اور بیٹی کے لیے والدین کی جائیداد میں برابری کا قانون نافذ ہو گیا ہے ۔ اب شادی اور طلاق کے معاملات تمام مذاہب کے لیے یکساں ہوں گے ۔