لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلسِ عامله کی میٹنگ

لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلسِ عامله کی میٹنگ

 

 

 

 

.

 

.

 

 

 

 

 

 

 

خبروں کےمطابق آج لکھنؤ میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلسِ عامله کی میٹنگ جاری ہے، پرسنل لا بورڈ ہندوستانی مسلمانوں کی مرکزی لیڈرشپ کے حوالے سے مشہور ہے،

 

 

 

 

 

 

 

 

 

ہندوستانی مسلمان 2014 سے مسلسل اپنی قیادتوں سے امید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ہندوتوا ظالموں کےخلاف اپنی ملت کے لیے کوئی جراتمندانہ اقدام کریں گے، یقیناﹰ ایک وقت تک پرسنل لا بورڈ کو مسلمانان ہند میں ایک باوقار حیثیت حاصل تھی یہی وجہ ہےکہ اس کے مقابلے اور محاذات میں قائم ہونے والے بورڈ زیادہ بااثر نہیں ہوسکے، اور نہ انہیں خاطرخواہ توجہ مل سکی ہے، آج بھی بورڈ کو انہی قدیم اثرات کا سہارا ہے، لیکن محض پرانی تاریخوں کے سہارے کوئی بھی ادارہ بہت زیادہ دنوں تک چل نہیں سکتاہے، تاریخ تاریخ اور شخصیت شخصیت کا نعرہ لگانے سے تبدیلی نہیں آتی ہے ناہی اپنی ملت کا کوئی فائدہ ہوتاہے جب تک کہ آپ اپنے ہی عظیم بزرگوں کی تاریخ کو اپنی عملی جدوجہد کے لیے نشانِ راہ نہ بنائیں، اگر آپ اپنی تاریخ پر عمل کرنے سے کترائیں گے تو ظاہر ہے کہ پھر آپکو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے دشمن منافقین کےساتھ ملکر حملہ آور ہوگا، اور اب تو غالباﹰ کئی ایک سرکاری اور سَنگھی ہمدردان بورڈ کے آس پاس ہی پائے جانے لگے ہیں،

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

پرسنل لا بورڈ کی آج کی میٹنگ موجودہ حسّاس اور سنگین حالات کے تناظر میں ہورہی ہے اس لیے بھی مسلمانانِ ہند کے متحرک اور فکرمند افراد کو حسنِ ظن ہےکہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، وقت کی نزاکت کے پیش نظر کم از کم اب بورڈ کے اندرونی اختلافات انتشار اور سیاسی لابنگ کو ختم کرکے ملت کی ضروریات و ترجیحات پر منظم کام کرےگا اور بورڈ کی بےترتیبی کم از کم اب ختم ہوگی نیز بورڈ کی انتہائی غیرمنظم اور بکھری ہوئی بھانت بھانت کی صورتحال پر قابو پایا جائےگا اور اسے کروڑوں مسلمانوں کی لیڈرشپ کا جو پروٹوکول ہونا چاہیے اس انداز میں باوقار طورپر مرتب کیا جائے گا اس کےبعد بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتی ہوئی ہندوتوا دہشتگردی کےخلاف کوئي واضح اور بےلاگ رخ اختیار کیا جائےگا،

 

 

 

 

 

ہندو سماج میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور آر ایس ایس کی فسادی سازشوں پر صاف صاف بات کی جائےگی، کیونکہ جب تک ملاوٹ کےبغیر ملک میں سرگرم اصلی فسادیوں کو فسادی اور نفرت پسند طاقتوں کو اہلِ نفرت میں شمار نہیں کیا جائےگا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے انصاف کی لڑائی کا آغاز نہیں ہوگا مظلوموں کو ہی مجرم بناکر تباہ و برباد کیا جاتا رہےگا
امید کی جاتی ہے کہ، پرسنل لا بورڈ کے بینر تلے جاری مسلم قائدین کا یہ اجلاس وقت کی نزاکتوں کو محسوس کرےگا اور آر ایس ایس کےذریعے مسلمانوں کو ہندو بنانے کی ریشہ دوانیوں کو سنجیدگی سے لےگا، شریعتِ اسلامیہ پر ہورہے ہندوتوا حملوں اور آوارہ گستاخئ رسالتﷺ کو روکنے کے لیے کسی عملی اقدام کا آغاز کیا جائےگا،

 

 

مسلمان خواتین کو نوچنے والی ذلیل ترین ہندوتوا دہشتگردی کےخلاف کوئی ٹھوس عملی قدم اٹھایا جائےگا،
گائے اور جےشری رام کے نام پر قتل کیے جارہے مسلمانوں کے درد کو ملت کی متحدہ قیادت محسوس کرےگی،

 

 

 

 

 

ہر دوسرے حملے اور ہندوتوا واردات پر مسلمان یکطرفہ صلح، سمجھوتہ، گنگا والی دریا جمنا پار والی ندی، امن کے نالے اور بھائی والے چارے کی نصیحتیں سنتے سنتے، باتیں کرتے اور سنتے سنتے جس طرح شکست خورده ہوچکےہیں امید ہےکہ ملت کی اس کیفیت کو سنجیدگی سے لیا جائےگا،

 

 

 

 

امید کرتےہیں کہ بورڈ کی قیادت نازک اور حسّاس حالات میں ملتِ اسلامیہ کو فکری طورپر مضبوط اور ہمالیائی حوصلہ دینے والے اقدامات کرےگی _
زمانہء طالبعلمی میں ہم لوگ اپنی بزموں اور انجمن کے سینئر نگران ساتھیوں اور ذمہ داروں سے ” پارٹی ” حاصل کرنے کے لیے جمعرات کی بزم میں زور زور سے سنایا کرتے تھے، آج گرچہ اتوار ہے پھر بھی سنادیتے ہیں، بورڈ میں موجود سینئر حضرات ہماری ہی بزم آرائیوں کے ” ذمہ دار ” ہیں، پارٹی نہیں دینا ہو تو بھی چلےگا، آپ لوگ آپس میں ہی کرلینا میری طرف سے☺، خیر، شعر یہ تھا:
” اٹھ کہ اب بزمِ جہاں کا اور ہی انداز ہے ” 😊

 

 

 

 

 

.
✍: سمیع اللہ خان

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top