علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو 24 کروڑ کے ٹیکس کا نوٹس جاری

علی گڑھ : میونسپل کارپوریشن کے پاس علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی (اے ایم یو) پر 24 کروڑ 45 لاکھ 24 ہزار 241 روپے کا پراپرٹی ٹیکس واجب الادا ہے ۔ اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن نے اسے ایم یو کو چار جنوری کو ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا ہے ۔ یہ نوٹس اے ایم یو کی 18 جائیدادوں پر جاری کیا گیا ہے ۔ یہ ٹیکس 2017 سے بقایا ہے۔
میونسپل کارپوریشن میں ٹیکس جمع کرانے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ اگر علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی وقت پر میونسپل ٹیکس جمع نہیں کراتی ہے تو اکاؤنٹ کو ضبط کرنے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے ریو نیواسیسمنٹ آفیسر راجندر پرساد کا کہنا ہے کہ علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی کی 18 جائیدادوں کے 24 کروڑ 45 لاکھ 24 ہزار 241 روپے واجب الادا ہیں ، جس پر سب سے پہلے انہیں بل بھیجے گئے ۔ بل دینے کے بعد ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر نے بقایا جات کو لے کر علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی کے رجسٹرار سے ملاقات کی ۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے بتایا کہ گرانٹ کی درخواست یوجی سی کو بھیج دی گئی ہے اور جیسے ہی گرانٹ ملے گی ٹیکس ادا کر دیا جائے گا ۔
میونسپل کمشنر کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس 2017 سے زیر التواء ہے ۔ علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی کو 15 دن کا وقت دیا گیا ہے ۔ 15 دن کے بعد ہم دوبارہ ان سے ٹیکس جمع کرنے کی درخواست کریں گے ۔ اگلی کار روائی اکاؤنٹ ایچمنٹ وغیرہ کے تحت آتی ہے ۔ عمارت پر قبضہ نہیں کیا جائے گا ، ہم اکاؤنٹ ضبط کر لیں گے ۔